کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کراچی سمیت صوبے کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، تجاوزات آپریشن میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، بے گھر افراد کو گھر فراہم حکومت کا وژن ہے ،انسداد تجاوزات مہم میں جن کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے انکے ساتھ پی ٹی آئی کی حکومت کھڑی ہے ،کاروبار اور سرمایہ کاری کوتحفظ دینا اور مارکیٹ میں استحکام لانا چاہتے ہیں،تاجروں کے خدشات دور اورمسائل حل کئے جائینگے ، امن کا دائمی قیام ہی کراچی کو ترقی کی منازل پرلے جاسکتا ہے ، انٹیلی جنس اداروں کے مابین معلومات کے تبادلے کے نظام کومضبوط بنایا جائے ،کرپشن کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جب کہ بہت جلد اس مشکل وقت سے نکل آ ئیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم کاکراچی پہنچنے پرگورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ نے استقبال کیا،عمران خان کو گورنر عمران اسماعیل نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال کے علاوہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن ،سندھ حکومت کے ساتھ پیدا ہونے والے اختلافات اورتحفظات سے بھی آگاہ کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کراچی سمیت صوبے کی ترقی کے لیے اقدامات کررہی ہے ، وفاق کے تعاون سے جاری منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے ، وزیراعلی ٰ مراد علی شاہ سے گفتگوکرتے ہوئے عمران خان نے کہاامن کا دائمی قیام ہی کراچی کو ترقی کی منازل پرلے جاسکتا ہے ، انٹیلی جنس اداروں کے مابین معلومات کے تبادلے کے نظام کومضبوط بنایا جائے ، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کے مابین ملاقات میں کے فورپروجیکٹ کے لیے اسلام آباد میں اجلاس طلب کرنے پربھی اتفاق ہوگیا ۔ گورنرہاؤس کراچی میں کراچی چیمبر آف کامرس ،ایف پی سی سی آئی ، معروف کاروباری شخصیات اورتاجروفود سے ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی درآمدات اور برآمدات میں فرق کو کم کرنے پر بھر پور توجہ ہے ، پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں، صرف سرمایہ کار دوست ماحول کی ضرورت ہے جب کہ ملک اسی وقت ترقی کرے گا جب کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہوگا۔بعدازاں وزیر اعظم سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان مہدی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، عمران خان نے کہاکہ حکومت ایک مختلف سوچ لے کر آئی ہے ،آپ کے پاس اس لئے آیا ہوں کے آپ ہمیں تجاویز دیں ،بیرون ممالک کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں ، موجودہ حکومت ماضی کی حکومتوں کی پالیسیوں کے برعکس تاجر برادی سے کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل یقینی بنائے گی ۔وفد نے وزیر اعظم کو سٹاک براکرز اور سٹاک مارکیٹ کے حوالے سے دیگر امور پر آگاہ کیا۔وزیر اعظم سے تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی ملے اور انسداد تجاوزات مہم کے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے پورٹ قاسم لیبر بورڈ کے ملازمین کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کو مطالبات کا جائزہ لے کر مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کردی ۔ دریں اثنا وزیراعظم ایک روزہ دورہ کراچی مکمل کرنے کے بعد واپس اسلام آباد پہنچ گئے ۔