لاہور(اپنے رپورٹر سے،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا تجاوزات کے خلاف آپریشن، 35تھڑے ، 2کھوکھے ، 15شیڈز، 2تندورمسمار کر دیے گئے جبکہ تجاوزات کا سامان9ٹرکوں میں لاد کر سٹور میں جمع کروا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور آصف بلال لودھی کی ہدایت پر کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت‘‘ میٹروپولیٹن آفیسر (ریگولیشن ) زبیر احمد وٹوکی سربراہی میں زونل آفیسر(ریگولیشن) راوی زون، زونل آفیسر(ریگولیشن) شالامار زون ، زونل آفیسر(ریگولیشن) عزیز بھٹی زون اور انٹی انکروچمنٹ اسکواڈ نے شاہدرہ چوک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ دوران آپریشن 35تھڑے ، 2کھوکھے ، 15 شیڈز، 2تندورمسمار کر دئیے جبکہ تجاوزات کا سامان 04ٹرکوں میں لاد کر سٹور میں جمع کروا دیا۔ مزید برآں گلبرگ زون اسکواڈ نے مکہ کالونی، فیروزپورروڈ اور انٹرنیشنل مارکیٹ سے تجاوزات کا سامان 2ٹرکوں میں لاد کر سٹور میں جمع کروادیا۔ اقبال زون اسکواڈ نے جوہر ٹاؤن اور کھاڑک کے علاقہ سے تجاوزات کا سامان 02ٹرکوں میں لاد کر سٹور میں جمع کروا دیا جبکہ واہگہ زون اسکواڈ نے جی ٹی روڈ سے تجاوزات کا سامان 01ٹرک میں لاد کر سٹور میں جمع کروا دیا۔دریں اثناء اپنے سٹاف رپورٹرکے مطابق شاہدرہ چوک میں دکانوں کے سامنے عارضی طور پر بنے ہوئے تھڑوں کو مسمار کیا گیا۔کارروائی اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر خاور بشیر کی نگرانی میں کی گئی۔