سجاد قادر

بھارتی فلم انڈسٹری میں سکرین پر عمران ہاشمی اور آف سکرین رنبیر کپور نے افیئرز کے جو ریکارڈ قائم کیے ہیں شاید ہی کسی نے کیے ہوں۔رنبیر کپور نے ایک کے بعد ایک سٹار فیمیل کے ساتھ محبت کی کہانی رچائی مگر عین درمیان میں کوئی نا کوئی مسئلہ کھڑا ہوااور ان کی راہیں جدا ہو گئیں۔رنبیر کے بارے میں یہ بات بھی مشہور رہی ہے کہ جب تک وہ کسی ہیروئن کے ساتھ فلم کرتے ہیں تب تک محبت کا ڈرامہ بھی رچا لیتے ہیں پھر نئی فلم میں نئی ہیروئن کی بانہوں کے اسیر ہو جاتے ہیں۔مگر اب کی بار ’’براہمسترا‘‘فلم کی ساتھی ہیروئن عالیہ بھٹ کی بانہوں میں ایسے الجھے ہیں کہ ان کے علاوہ کوئی اور نظر ہی نہیں آتا۔کئی باردونوں نے اپنی محبت کا اقرار اور پھر انکار کر لیا۔مگر میڈیا کے اس دور میں کوئی بھلا کب تک چھپا رہ سکتا ہے۔تاہم اب دونوں سٹارز نے ہمیشہ کے لیے ایک دوسرے کو گلے لگانے کا ارادہ کر لیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ رنبیر کپور کی ماں نیتو کپور نے بہت جلد دونوں کی منگنی کرنے اور اس کے بعد شادی کر دینے کی خوشخبری سنائی ہے۔رواں برس جون کے مہینے کے آس پاس عالیہ اور رنبیرکی منگنی ہو جائے گی۔