لاہور(خصوصی نمائندہ)گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ اتحادیوں کی ناراضگی سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،حکومتی اتحادیوں کے تحفظات جمہوریت کا حسن ہیں انکے تحفظات دور کیے جائیں گے ،ان ہائوس تبدیلی کے خواب دیکھنے والوں کو بھی مایوسی کے سواکچھ نہیں ملے گا ۔گورنر پنجاب نے ان خیالات کا اظہار شوکت بسراء اور اورسیز پاکستانی راحت راؤ سے گورنر ہاوس میں ملاقات کے دوران کیا،گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ عوام نے ہمیں پانچ سال حکومت کرنے کا مینڈ یٹ دیا ہے ،اپوزیشن کو صبر کیساتھ 2023 کے عام انتخابات کا انتظار کرنا چاہیے ،2020 ترقی اور خوشحالی کیساتھ نوجوانوں کیلئے روز گار کا سال بھی ثابت ہوگا،اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اب سالوں نہیں مہینوں میں حل ہو رہے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں نے ایک سال میں 22 ارب ڈالرز کی ترسیلات پاکستان بھجوائی ہیں۔موجودہ مالی سال میں 24 ارب ڈالرز ترسیلات کا ٹارگٹ حاصل کر لیں گے ،گورنرنے آزاد کشمیر،شمالی علاقہ جات بالخصوص نیلم وادی میں بارشوں اور برفباری کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔