نیویارک(نیٹ نیوز،این این آئی)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان میں عالمی ادارے کے مشن کی ایک اور سال کیلئے تجدید کردی لیکن روس نے قرار داد کو طالبان کے اقتدار پر قبضے کے بعد نئی حقیقتوں سے لاعلم قرار دیتے ہوئے قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ لینے سے پرہیز کیا۔دوسری طرف چین نے امریکہ اور مغربی ممالک کے ہاتھوں افغان بچوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا کہ امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا سمیت دیگر مغربی ممالک کے ہاتھوں افغان بچوں کی ہلاکت کے واقعات پر توجہ مرکوز کی جائے ۔چین کی جانب سے افغانستان کو امداد بھی فراہم کی گئی ہے ۔ اس مرتبہ افغانستان کو آٹے کی ایک اور کھیپ عطیہ کی جارہی ہے جس سے ہزاروں خاندانوں کو بھوک سے بچانے میں مدد ملے گی۔رائٹرز کے مطابق روس چاہتا تھا کہ 15 رکنی کونسل ڈی فیکٹو حکام کا حوالہ دے اور اقوام متحدہ کی ملک میں موجودگی کے لیے ان کی منظوری کی ضرورت ہے ، قرارداد 14 ووٹوں کے ساتھ منظور ہوئی جس میں متعلقہ حکام کا حوالہ دیا گیا تھا اور اس میں میزبان ملک کی رضا مندی کا ذکر نہیں ہے۔