اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم سازی کے اگلے مرحلے کا اعلان کر دیا گیا۔ صوبہ سندھ کو 4 ریجنز میں تقسیم کرکے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن شمالی سندھ جبکہ حیدرآباد ڈویژن مرکزی سندھ کا حصہ ہوں گے اور مغربی سندھ شہید بے نظیر آباد (نواب شاہ) اور میرپور خاص جبکہ کراچی کے تمام اضلاع مشرقی سندھ پر مشتمل ہوگا۔وزیراعظم عمران خان کی منظوری سے مشرقی سندھ کی 16 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی کا بھی اعلان کر دیا گیا۔خرم شیر زمان مشرقی سندھ کے صدر، سعید آفریدی جنرل سیکرٹری اور جمال صدیقی کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کیے گئے ہیں۔مرکزی سندھ کی 9 رکنی گورننگ باڈی میں صداقت علی جتوئی بطور صدر، حاجی خاوند بخش جوہجو جنرل سیکرٹری اور طفیل خٹک سیکرٹری اطلاعات کے فرائض سرانجام دیں گے ۔اس کے علاوہ وزیراعظم کی منظوری سے خیبرپختونخوا کے پشاور اور مالاکنڈ ریجنز کی گورننگ باڈیز کا بھی فیصلہ کیا جا چکا ہے ۔فضل خان پشاور ریجن جبکہ فضل حکیم خان مالاکنڈ ریجن میں بطور صدر قیادت کریں گے جبکہ رضوان بنگش اور بشیر خان بالترتیب پشاور اور مالاکنڈ ریجن میں بطور جنرل سیکرٹری کام کریں گے ۔نجی اللہ خٹک پشاور اور اختر خان ایڈووکیٹ مالاکنڈ ریجن کے سیکرٹری اطلاعات ہوں گے ۔علاوہ ازیں تحریک انصاف پارٹی مینجمنٹ سیل کے ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لئے 5 رکنی سیلکشن کمیٹی بھی قائم کر دی گئی، مرکزی سینئر نائب صدر ارشدداد کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں شیر علی ارباب، ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ، بریگیڈیئر(ر) سیمسن سائمن شرف اور سراج احمد شامل ہوں گے ۔