لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کشمیر کی تحریک آزادی ابھی یا کبھی نہیں کے مرحلے میں داخل ہوگئی لیکن حکمران جہاد سے منہ موڑ رہے ہیں ۔نہتے مگر ایمان کی قوت سے مالا مال افغانوں نے تین عالمی طاقتوں کو شکست دی مگر ایٹمی پاکستان کے حکمران مائوں بہنوں بیٹیوں کی چیخ و پکار پر بھی اٹھنے کو تیار نہیں ۔جماعت اسلامی کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 25اگست کو پشاور اور یکم ستمبر کو کراچی میں کشمیر بچائو مارچ کرے گی۔جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکمران ٹرمپ کے اتنے دیوانے ہیں کہ اس کے سوا کسی کی سننے کو تیار نہیں۔کشمیری پاکستان کی طرف اور پاکستانی حکمران امریکہ کی طرف دیکھ رہے ہیں،حکومت قوم کو کشمیر پر متحد کرنے کی بجائے قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کررہی ہے ،مصیبت کے دنوں میں تو جنگل کے جانور بھی آپس میں نہیں لڑتے ،ایک طرف ہمارے گھر میں آگ لگی ہے ،ہمارے بچوں کو ذبح کیا اور ہماری بہنوں اور بیٹیوں کی عزتوں سے کھیلا جارہا ہے جبکہ حکمران ایئر کنڈیشنڈ ہالوں میں بیٹھ کر بیانات جاری کررہے ہیں ۔ سراج الحق نے کہا بھارت کشمیر یوں کا قتل عام کررہا ہے ،کرفیو کو اس لئے لمبا کیا جارہا ہے کہ لوگوں کے گھروں سے کھانے پینے کی اشیا ختم ہوجائیں ، وہ بھوک اور پیاس کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جائیں، حکومت معمول کی سرگرمیاں چھوڑ کر کشمیر کی آزادی پر فوکس کرے اور 19دنوں سے محبوس کشمیریوں کی عملی مدد کیلئے آگے بڑھے ،حکومت نے ایل او سی پر لگی باڑ کونہ گرایا تو دونوں طرف کے کشمیری خود اس دیوار برلن کو گرادیں گے ،اگر افغان تین عالمی طاقتوں کو شکست دے سکتے ہیں تو ہم بھی بھارت کا غرورتوڑ سکتے ہیں ،جہاد اور شہادت کے لفظ کو خطرناک قرار دیکر قرآن و سنت کے احکامات کو نصاب تعلیم سے خارج کیا جارہا ہے ،مسلمانوں کے اندر سے اسلامی اخوت اور ایمان کی روشنی کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔