لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف عام آدمی کی پارٹی ہے جس نے پسماندہ علاقے سے وزیر اعلیٰ پنجاب لا کر ثابت کر دیا ہے کہ یہ ملک صرف وڈیروں یا جاگیر داروں کا نہیں ہے ۔عثمان بزدار پر پاکستان تحریک انصاف کے کسی رکن کو اعتراض نہیں ہے وہ متفقہ امیدوار ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف چاہتی ہے کہ پنجاب کے پسیماندہ علاقوں کی محرومیوں کا خاتمہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ(ن)کو اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن کے پاس جائے ۔ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لاہور پنجاب میں آتا ہے اور ضروری نہیں ہے کہ صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہمیشہ لاہور سے ہو ۔تمام شہروں کا برابر کا حق حاصل ہے اور پاکستان تحریک انصاف تمام شہروں کی ترقی چاہتی ہے ۔