اسلام آباد(آئی این پی)سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کے آنے سے گالم گلوچ کا کلچر قومی اسمبلی کے اندر بھی پہنچ گیا ہے ،تحریک انصاف ملک کی نئی (ق) لیگ ہے ، جس کو عمران خان چور ڈاکو کہتے تھے اسی کو پنجاب اسمبلی کا سپیکر بنا دیا۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے ا حسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کے ایوان کے اندر وزیراعظم نامزد ہونے سے مشرف دور کی یاد تازہ ہوگئی ہے ، تمام ریاستی مشینری اور اداروں کو بروئے کار لا کر عمران خان کے وزیراعظم بننے کی راہ ہموار کی گئی ہے ۔ حکومتی جماعت بھی قومی اسمبلی کے اندر اپوزیشن کا کردارادا کررہی ہے جس کا اندازہ عمران خان کی تقریر سے ہوتا ہے ۔ تحریک انصاف غنڈوں کو ایوان کے اندر لیکر آئی جنہوں نے خواتین ارکان سے بدتمیزی کی ،صحافیوں پر تشدد کیا اور ایوان کے اندر گالیاں نکالیں ، ہم اس غنڈہ کلچر کی مذمت کرتے ہیں ۔احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حلقے کھولنے کے بیان فراڈ ہیں۔ اگر یہ لوگ حلقے کھول دیں تو دھاندلی کا پول کھل جائے گا ۔