لاہور(خصوصی نمائندہ) تحریک انصاف نے لاہور کے تمام قومی و صوبائی اسمبلی پنجاب کے حلقوں کے لئے اپنے پولنگ سٹاف کو ذمہ داریاں تفویض کر دیں۔لاہور سے قومی و صوبائی اسمبلی پنجاب کے لئے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کے الیکشن مینجرز نے روزنامہ92 نیوز کو بتایا کہ انتخابی ڈیوٹی کے لئے تمام پولنگ سٹاف کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، پولنگ ایجنٹس صبح 5:30بجے اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشنز پر پہنچ جائیں گے اور ووٹ گنتی تک اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے ، اپنی سواری رکھنے والا پولنگ سٹاف خود پہنچے گا جبکہ دیگر کو پارٹی ٹرانسپورٹ مہیا کرے گی، امیدواروں کی الیکشن ٹیمیں صبح پولنگ شروع ہونے قبل اپنے اپنے حلقوں میں ڈور ٹو ڈور جائیں گی اور ووٹرز کو متحرک کریں گی کہ وہ جلد از جلد اپنا ووٹ کاسٹ کر لیں، امیدواروں کے الیکشن مینجرز نے درجنوں پولنگ کیمپس بھی قائم کر دیئے ہیں جو ووٹروں کی رہنمائی کریں گے ، تحریک انصاف نے خواتین اور یوتھ ووٹر کو خصوصی فوکس کرتے ہوئے انکے ووٹ کے لئے پارٹی کی خواتین اور انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن اور پارٹی کے یوتھ ونگ کو بھی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔