اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی، صباح نیوز،آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والاکے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لئے ایوان بالاکا اجلاس یکم اگست بروزجمعرات کوطلب کر لیا ہے ۔ سینٹ سیکرٹریٹ سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے خلاف جمع کرائی گئی قراردادوں پر مزید کارروائی کیلئے صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 54 کی شق I کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے سینٹ کا اجلاس یکم اگست کودن 2 بجے طلب کیاہے ۔ ذرائع کے مطابق سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے ایوان بالاکا اجلاس بلانے کیلئے وزارت پارلیمانی امور کے توسط سے درخواست ایوان صدرارسال کی گئی تھی۔ اجلاس میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف عدم اعتماد کی قراردادوں پر خفیہ رائے شماری ہو گی۔ سینٹ سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق صدرمملکت چیئرمین سینٹ وڈپٹی چیئرمین سینٹ کیخلاف عدم اعتمادکی قراردادوں کے بارے میں ایک دوروزمیں سینٹ اجلاس کیلئے پریذائیڈنگ افسر نامزد کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی و ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والاعدم اعتماد کی قراردادوں کا سامنا کرنے کے پیش نظر اجلاس کی صدارت نہیں کر سکیں گے ۔ادھراپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینٹ اجلاس کل23 جولائی بروز منگل کوہوگا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اجلاس میں چیئرمین صادق سنجرانی کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ نہ کرائے جانے کا امکان ہے ، چیئرمین سینٹ کو ہٹانے کی تحریک پر صرف بحث ہو گی۔ ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ نہ کرائے جانے پر اپوزیشن کی طرف سے سخت ہنگامہ آرائی کا خدشہ ہے ۔سینٹ سیکرٹریٹ کے ذرائع کا کہنا ہے ریکوزیشن اجلاس کا آرڈر آف دی ڈے آج پیرکو تیار کیا جائے گا لیکن ریکوزیشن اجلاس کے ایجنڈے میں چیئرمین سینٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ شامل نہیں ہو گی،چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ سینٹ کے معمول کے اجلاس میں ہو گی۔چیئرمین سینٹ نے ایوان بالا کا شیڈول اجلاس بلانے کیلئے وزارت پارلیمانی امور کو پیغام بھجوا یاتھا۔