لاہور(نمائندہ خصوصی سے )تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے شاہ جلال ریسرچ سینٹر میں تحریک لبیک اور تحریک صراط مستقیم کے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل سے خطاب کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل دیا ، انہوں نے کہا تحریک لبیک اسلام کے زیر اہتمام 22مارچ کو نیوزی لینڈ میں مساجد پر ہونے والے حملوں کی مذمت کیلئے یومِ شہدا نیوزی لینڈ منایا جائے گا۔، خطبات جمعۃ المبارک میں اسلام کیخلاف پھیلائے گئے تعصب اور دہشت گردی کو مسترد کیا جائے گا ، احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے جائیں گے ، لاہور میں نماز جمعہ کے بعد 3بجے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا ، 23مارچ کوپورے ملک میں یوم نظریہ پاکستان منایا جائے گا ۔ ، 30مارچ کو مینار پاکستان پر تاریخی ’’پاکستان زندہ باد کانفرنس‘‘ اور دسواں عقیدہ توحید سیمینار منعقد کیا جائے گا ۔ پاکستان زندہ باد کانفرنس عصر حاضر میں انہی نبوی تعلیمات کو اجاگر کرنے اور آ ل انڈیا سنی کانفرنس بنارس کی یاد تازہ کرنے کیلئے منعقد کی جارہی ہے ، کانفرنس کی مختلف ذمہ داریوں کے لحاظ سے 25کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔