کراچی(سٹاف رپورٹر)تحریک پاکستان کے کارکن الحاج ضامن نظامی کراچی میں انتقال کر گئے ، ان کی عمر 95 برس تھی۔ الحاج ضامن نظامی سردار عبدالرب نشتر اور نواب آف حیدرآباد دکن کے وزیر خزانہ میر لائق علی کے دیرینہ ساتھی تھے ۔ الحاج ضامن نظامی تحریک پاکستان کی بانی مسلم لیگ کے متحرک اور فعال کارکن تھے ،وہ مسلم لیگ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے متحرک رہے ۔ ہجرت کرکے پاکستان آنے والے مسلمانوں کے لیے خوراک، رہائش اور دیگر ضروریات میں بھی پیش پیش رہے ۔ مہاجرین کی مالی مدد کے لیے بھی نواب آف حیدرآباد دکن کے وزیر خزانہ میر لائق علی کے تعاون سے بھرپور خدمات انجام دیں۔ اصلاح معاشرہ پر کئی کتابچے اورمضامین تحریر کیے ۔ الحاج ضامن نظامی 1924 میں بستی نظام الدین اولیا دہلی میں پیدا ہوئے ، انہیں کراچی میں پاپوش نگر کے قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔