فیصل آباد(راناافتخارخاں) پنجاب بھر کے تحلیل شدہ بلدیاتی اداروں سمیت 15 صوبائی محکمے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نادہندہ نکلے ۔ جن کے ذمہ یکم جولائی 2016ء سے 30 جون 2018ء تک سرکاری ٹھیکوں اور سپلائرز سے وصول کیا گیا ود ہولڈنگ ٹیکس واجب الادا ہے ۔ ایف بی آر کے تمام ریجنل ٹیکس دفاتر نے ان تمام محکموں کے سربراہوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ 30 جون تک ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں بلدیاتی اداروں کے فنانس آفیسرز اور دیگر محکموں کے اکاؤنٹس سربراہوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی تنخواہوں سے وصولیاں کی جائیں گی۔ پنجاب بھر میں تحلیل ہونے والے بلدیاتی اداروں میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے ذمہ 45 کروڑ روپے سے زائد واجبات ہیں۔ جو ان کی حدود میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے ٹھیکوں سے 7 فیصد اور سپلائرز سے ساڑھے چھ فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں ہے ۔ اسی طرح محکمہ بلڈنگز، ہائی وے ، محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، پی ایچ اے ، واسا، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، انہار، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر محکموں کی وساطت سے ہونے والے ترقیاتی کاموں میں ود ہولڈنگ ٹیکس سے متعلق وصولیاں ہیں۔