لاہور ،لندن (سٹاف رپورٹر،92نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ) مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ تابعداری، تاریخی نااہلی اور نالائقی کی سزا پاکستان بھگت رہا ہے ۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ اناڑیوں کے کھیل تماشے کی وجہ سے ملک کو دنیا بھر میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ پہلے دنیا بھر میں پی آئی اے کے پائلٹس کو رسوا کروایا اور اب ائیرلائن کو اس مقام پر لے آئے ہیں، پاکستان نے ایسے دن کبھی نہیں دیکھا۔ حسین نواز نے کہا ہے کہ برطانوی جج نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ نواز شریف یا ان کے خاندان کے افراد کے خلاف کوئی چیز سامنے نہیں آسکی، جج کے یہ ریمارکس شریف خاندان کیلئے کلین چٹ ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو ن لیگ کے رہنما رانا ثنائاللہ نے کہا کہ چور چور کا شور مچانے والا چور پکڑا جا چکا ، اب اس چورکایوم حساب آیاچاہتاہے ، حکمرانوں کی حرکتوں کی وجہ سے ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آسکتی ہے ۔ (ن) لیگ کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے پاس ایسے نمبر ز ہیں جس سے وہ تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں تو وہ پیش کریں،حکومت براڈ شیٹ کے پیچھے چھپ سکے گی نہ این آر او کے ، عمران نے ملک کی عزت کو خاک میں ملادیا ،پانامہ ون بھی فراڈ تھا پا نا مہ ٹو بھی فراڈ ہے ۔ جاوید لطیف نے کہا کہ ہم نے اسمبلیوں سے استعفیٰ دیاتوپی ٹی آئی کی طرح واپس نہیں آئیں گے ۔