لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ڈی پی او اوکاڑہ ذیشان اصغر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر ڈی پی او کو لائسنس کی درخواست پر کارروائی کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے درخواست پر ڈی پی او اوکاڑہ ذیشان اصغر کو ذاتی حیثیت میں دوبارہ رپورٹ سمیت طلب کر لیا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے منیر احمد وغیرہ کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر ڈی پی او اوکاڑہ ذیشان اصغر نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ جلوس کے شرکاء نے طے شدہ راستے سے انحراف کیا جس پر ان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ درخواست گزاروں کے پاس جلوس نکالنے کا لائسنس بھی نہیں، جس پر فاضل جج نے کہا کہ درخواست گزار آپ کو لائسنس کے لیے درخواست دینگے آپ اس درخواست پر کارروائی کرکے رپورٹ لے کر عدالت میں پیش ہونگے ۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے پولیس کو جلوس نکالنے میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی ہدایت کی مگر ڈی پی او اوکاڑہ نے مقدمہ درج کر لیا۔