اسلام آباد ، لاہور(وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک، اپنے سٹاف رپورٹر سے ) ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی عروج پر ہے اور سورج بھی آگ برسا رہاہے ، گزشتہ روز نوابشاہ، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو میں درجہ حرارت 49 تک جا پہنچا ۔ موہن جو دڑو میں پارہ 50 کو چھو گیا۔ باغوں کے شہر لاہور میں درجہ حرارت 44 تک جا پہنچا۔ آج کراچی میں پارہ 35 سے 38 کے درمیان رہے گا۔ فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان اور بھکر میں گرمی زوروں پر رہی۔محکمہ موسمیات نے آج سے 2جون تک طوفان اوربارشوں کی پیشگوئی کردی،محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق کشمیر ،گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں بھی بارشیں ہونگی ، لاہور،گجرات ،سیالکوٹ ، شیخوپورہ ، فیصل آباد اورجھنگ،راولپنڈی ،جہلم ، چکوال ، اٹک اور میانوالی ،سرگودھا، بھکر ،لیہ ، خوشاب اورمنڈی بہائالدین ،ساہیوال ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اوکاڑہ،ڈی جی خان ، ملتان ، رحیم یارخان اوربہاولپور،کوئٹہ ،ژوب ،بارکھان، جیک آباد اورلاڑکانہ میں بادل برسیں گے ،محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو حیدرآباد ،میرپور خاص ، شہید بے نظیر آباد میں بھی بارش کا امکان ہے ۔