کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان کے علاقے ضلع تربت میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 5سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے ۔اطلاعات کے مطابق تربت کے قریب سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کرکے 5سکیورٹی اہلکاروں نائیک سرور خان،لانس نائیک الیاس خان،لانس نائیک نقیب اللہ،لانس نائیک عبداللہ اور سپاہی ضیا الرحمان کوشہید کر دیا جبکہ 3 اہلکارسپاہی روزی خان،سپاہی حامد علی اور سپاہی احسان زخمی ہوگئے ۔تربت میں سکیورٹی فورسز کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ ایران سے ملحقہ ضلع کیچ کے علاقے بلنگور سے تقریبا 30 کلومیٹر دور گٹی کور میں قائم فرنٹئیر کور بلوچستان کی 125 ونگ کی ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشتگردوں نے گھات لگا کر مختلف اطراف سے چھوٹے ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ ایف سی کے اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم حملے میں ایف سی کے 5 اہلکار شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے ۔حکام کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ایف سی اہلکاروں کی مدد کے لیے قریبی چیک پوسٹوں اور بلنگور کے ونگ ہیڈ کوارٹر سے اضافی نفری مدد کے لیے پہنچی تاہم اس سے پہلے حملہ آور ندی اور پہاڑی کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔سکیورٹی عہدیدار کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیاگیا جبکہ میتوں اور زخمیوں کو بلنگور پہنچا دیا گیا۔