کراچی (کامرس رپورٹر) رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر 5.37 فیصد بڑھ کر 15 ارب 12 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہوگئیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر 15 ارب 12 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی جو سال 19-2018 کے اسی عرصے کے 14 ارب 35 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 5.37 فیصد زیادہ ہے ۔گزشتہ ماہ فروری میں ترسیلات زر سالانہ کی بنیاد پر 16.47 فیصد بڑھ کر ایک ارب 82 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ایک ارب 58 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھی تاہم اس میں ماہانہ بنیادوں پر گزشتہ ماہ جنوری کے ایک ارب 90 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے حساب سے 4.35 فیصد کمی دیکھی گئی۔اعداد وشمار کے مطابق سعودی عرب سے ترسیلات سب سے زیادہ رہی اور جولائی 2019 سے فروری 2020 کے دوران سعودی عرب سے آنے والی ترسیلات زر کی مالیت 3 ارب 47 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کی 3 ارب 34 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے مقابلے 3.95 فیصد بڑھی۔اسی طرح متحدہ عرب امارات سے ان8 ماہ میں آنیوالی آمدنی کی مالیت 3 ارب 13 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے 3 ارب 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 3.22 فیصد زیادہ تھی۔ امریکا سے آنے والی ترسیلات زر 13.9 فیصد اضافے سے 8 ماہ میں 2 ارب 55کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہوگئیْ۔