لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ،صباح نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ اپوزیشن نے قومی مفادات کو فراموش کیا،ترقی کا سفر پسماندہ علاقوں تک لے گئے ،وسائل کا رخ نظرانداز شہروں کی جانب موڑا۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، گندم، آٹے کے سٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیازکارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے اورمتعلقہ حکام مارکیٹوں اوربازاروں میں جاکر خود صورتحال کا جائزہ لیں۔ سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ محکمہ خوراک آٹے کی مناسب سپلائی کو ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے اور نوٹیفائیڈریٹ پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے انتظامی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے بھی ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے انسداد کورونا اورانسداد پولیوکیلئے مولانا طارق جمیل اورعلمائے کرام کے کردار کو سراہا۔بعدازاں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ضلعی حکومت سے متعلق اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے مضبوط نظام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پرحل ہوں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ایک دوسرے اجلاس میں محکمہ اطلاعات کی کا رکردگی اور دیگر امو ر کا جائزہ لیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزرا،اراکین اسمبلی اورتحریک انصاف کے رہنماؤں نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،ترقیاتی منصوبوں اورفلاح عامہ کی سکیموں پرہونیوالی پیش رفت پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں سید صمصام بخاری،ڈاکٹر اختر ملک،عامر ڈوگر،عمر تنویر بٹ، بلال وڑائچ،نذیر جٹ،عائشہ نذیر جٹ،شکیل شاہد،غیاث الدین،ملک یاسرپتوالی اوردیگر شامل تھے ۔