اسلام آباد،لزبن(خصوصی نیوز رپورٹر،آن لائن)ترکی اورپرتگال میں قائم پاکستانی سفارتخانوں نے کوروناوباکے بحث پاکستانی شہریوں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن کائونٹرزقائم کردیئے ۔ گزشتہ روز انقرہ میں قائم پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق کوروناصورتحال میں مقامی پاکستانی کمیونٹی اور ترکی میں پاکستانی طلبا کی حفاظت اوران کوسہولیات کی فرہمی کیلئے ان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں ۔ہم ترکی میں خاص طور پر فلائٹ آپریشن معطل کرنے کے سلسلے میں کچھ پاکستانی طلبا کی طرف سے اٹھائے جانے والے خدشات سے پوری طرح واقف ہیں۔سفارت خانہ نے تمام پاکستانی طلباء کو ہدایت کی وہ مقامی حفاظت کے ضوابط پر عمل کریں اور کسی بھی سفر سے سختی سے گریز کریں۔پاکستانی طلباء متعلقہ یونیورسٹیوں میں درپیش کسی بھی پریشانی کے بارے میں نوٹس لانے کے لئے ہنگامی ہیلپ لائن نمبرز اور ای میل ایڈریس کا استعمال کریں۔ادھرپرتگال میں کورونا وباکی صورتحال کے پیش نظرلزبن میں قائم پاکستانی سفارتخانہ نے پاکستانی شہریوں کی سہولت کیلئے کمیونٹی ہیلپ کائونٹر قائم کر دیا۔پاکستانی سفیر جاوید جلیل خٹک نے کوروناصورتحال میں کمیونٹی مسائل کی نشاندہی پر سفارتخانہ پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کے مخیر حضرات کے اشتراک سے ضرورتمند افراد کیلئے فوڈ سنٹر کے قیام کا اعلان کیا۔پاکستانی سفیرنے کہا کہ ضرورت مند افراد کھانے پینے کی اشیا سفارتخانہ سے آکر حاصل کر سکتے ہیں ۔