اسلام آباد (این این آئی، صباح نیوز)ترک آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسرگلر نے ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان اورقائم مقام نیول چیف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔جنرل یاسر گلر کی ائیر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے استقبال کیا، پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔معزز مہمان نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ ملاقات کے دوران دونوں سربراہان نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔جنرل یاسرگلر نے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔ترک کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔قائم مقام چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے ان کا استقبال کیا،انہیں روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،معزز مہمان نے نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور دفاعی تعاون کے امور پر بات چیت ہوئی۔معزز مہمان کو کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف سے بھی آگاہ کیا گیا۔