لاہور(خبر نگار خصوصی ) چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ عثمان خان بزدار کے ہر ضلع اور تحصیل کا دورہ کر ر رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔ ضلع لیہ میں مفاد عامہ کی 2284 سکیموں پر کام جاری ہے اوران ترقیاتی منصوبوں پر 18 ارب 77 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ ترقی کے دائرے میں شامل کرکے لیہ کو اس کا حق لوٹائیں گے ۔ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سابق حکومت نے لیہ کے عوام کو بھی زبانی جمع خرچ سے بہلایااور سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کرکے لیہ کے عوام کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا۔ ہمارے دور میں لیہ کی محرومیاں دور ہوں گی۔ پنجاب میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے ترقیاتی کام ہوں گے ۔لیہ اورتونسہ کو موٹر وے کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے اقدامات کریں گے ۔اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے مسائل ہر سطح پر حل کیے جائیں گے ۔