اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک؍ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان سے نئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے شوکت ترین کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات میں ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ماہر معاشیات، مالیاتی امور کے ماہرین، وفاقی وزیر حماد اظہر اور حکومتی جماعت کے سوشل میڈیا ارکان بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے کہا شوکت ترین کو 35 سالوں سے جانتا ہوں، یہ شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا بھی حصہ رہے ہیں، مجھے پوری امید ہے کہ شوکت ترین معاشی معاملات میں مزید استحکام کیلئے بہترین حکمت عملی سے کام کریں گے ۔اس موقع پر ملاقات میں شریک افراد نے شوکت ترین سے معاشی پلان سے متعلق سوالات کئے ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرخزانہ نے کہا گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر نے بہترین اصلاحاتی کام کیا، ان کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔وزیرخزانہ نے کہا 49 سالہ معاشی تجربہ کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں کہ معاشی مسائل کا صرف ایک ہی حل ہے ، شرح نمو کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لایا جائے ۔علاوہ ازیں عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ شوکت خانم میموریل ٹرسٹ (ایس کے ایم ٹی)کراچی 2023 میں کھل جائے گا اور یہ شوکت خانم لاہور سے دوگنا بڑا اور جدید تشخیصی اور طبی آلات سے مزین ہوگا،ہسپتال سندھ اور جنوبی بلوچستان کے عوام کے لئے خدمات فراہم کرے گا۔