اسلام آباد،لاہور،پشاور،سکھر (نامہ نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر،بیورو رپورٹ) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کا گھر منجمد کرنے کی توثیق کردی۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا اپریل 2014 میں مکان کو خریدا گیا اور جوائنٹ اکاؤنٹ کے ذریعے گھر کی خریداری کیلئے پیسے دیئے گئے ، گھر کرپشن کے پیسوں سے خریدا گیا۔ نیب نے آصف زرداری کے کلفٹن کراچی میں گھر کو 12 فروری 2020 کو منجمد کیا تھا۔بے نامی اکاؤنٹس میں گرفتار آصف علی زرداری کے قریبی دوست عبدالغنی مجید کے اثاثے منجمد کرنے کیلئے احتساب عدالت سے رجوع کر لیا گیا۔نیب نے اپنی درخواست میں عبدالغنی مجید کا 5145 مربع گز کا پلاٹ منجمد کرنے کی استدعا کی ہے ۔ احتساب عدالت لاہور نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کیخلاف ایل ڈی اے سٹی کرپشن سکینڈل کیس پر سماعت 16 مارچ تک ملتوی کرکے نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کر لی۔احتساب عدالت لاہورنمبر تین نے اربوں روپے کے کرپشن کیس میں نیشنل بینک کے وائس پریزیڈنٹ عثمان سعید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روزتوسیع کر دی، نیب پراسیکیوٹر نے ریفرنس کے متعلق رپورٹ پیش کردی۔ احتساب عدالت لاہور نے الخیر ہاوسنگ سوسائٹی کے نام پر کروڑوں روپے کے فراڈ کیس میں تین ملزمان پرویز اقبال، مبشر اسحاق اور ٹی ایم او افسر تنویر یوسف کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 12 روز توسیع کر دی۔پیپلز پارٹی کے رہنما ارباب عالمگیر اور عاصمہ عالمگیر نے احتساب عدالت پشاور میں اثاثوں کے ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کردی، جج نے سماعت 11 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے تین دیگر گواہ طلب کرلئے ۔