انقرہ(نیٹ نیوز،این این آئی)ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہاہے کہ اگر یہ ثابت ہو گیا کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے تو سازشی عناصرکا سینہ چیر دیں گے ، چاہے اس کی کچھ بھِی قیمت دینا پڑے ،حکومت آگ سے بے گھر افرادکے کرائے برداشت کرے گی اور ان کے مکانوں کی تعمیرنو کرے گی۔دوسری طرف متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر نے آگ لگنے سے متاثر ہونے والے علاقوں کے دورے پر کہا کہ اشارے ملے ہیں کہ آگ لگنے کے واقعات کے پیچھے کوئی سازش ہے ۔انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں آگ لگنے کے واقعات میں ممکنہ سازش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے ۔دریں اثنا ترکی کی ایمرجنسی اورڈیزاسٹر اتھارٹی نے پانچ صوبوں میں آگ سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے ۔خیال رہے ترکی کے جنوبی علاقوں میں آگ سے اب تک دوفائر فائٹرز سمیت 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ترکی میں جنگلات میں لگنے والی آگ سے لاحق خطرات کے پیش نظر بحیرہ ایجیئن کے کنارے واقع بودرم ریزارٹ سے غیرملکی سیاحوں کو کشتیوں کے ذریعے نکال لیا گیا ۔ ترک صدر نے مناواجات شہر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کیلئے ٹیکس، سماجی تحفظ اور کریڈٹ کی ادائی ملتوی کردی جائے گی ۔