مکرمی ! ، میں آپ کے توسط سے حکام بالاکی توجہ ایک اہم مسئلہ کی جانب مبذول کروانا چاہتی ہوں۔سرکاری اور نجی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اپنے اساتذہ سے مطمئن نہیں ہیں۔ تعلیمی اداروں کی فیس ہر سال بڑھتی جارہی ہے جس کی وجہ سے والدین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو بہت زیادہ اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں ، دوسری طرف ، تعلیم کا معیار مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔ اساتذہ کو صرف اپنی تنخواہوں سے غرض ہے۔ انہیں اس بات کی پرواہ نہیں ہے کہ وہ کیا یا کیسے تعلیم دیتے ہیں۔اصل مسئلہ پڑھانے والے اساتذہ کی تعلیم کا فقدان ہے۔ وہ یہ بھی نہیں جانتے ہیں کہ وہ کیا تعلیم دے رہے ہیں اور کم تعلیم کی وجہ سے غلط معلومات فراہم کر رہے ہوتے ہیں۔ تعلیمی نظام میں اچھے تعلیم یافتہ اساتذہ رکھنے چاہئیں اگر اداروں کی فیسیں بڑھ رہی ہیں۔والدین اپنے بچوں کو اچھے اداروں میں پڑھانے کے لئے اپنی تمام تر کوششیں کر رہے ہیں لیکن انہیں ہمارے ملک کے نظام تعلیم کی وجہ سے ان کی خون پسینے کی کمائی ضائع ہو جاتی ہے اور طلبا فیل ہو جاتے ہیں حکومت کو نہ صرف طلباء بلکہ ہمارے ملک کے تعلیمی اداروں کی کارکردگی کی بہتری کیلئے بھی اقدامات کرنے چاہئیںتاکہ ملک میں تعلیم کا معیار بہتر ہو سکے۔ (انوشے نعیم نارتھ ناظم آباد ، کراچی)