کراچی(سٹاف رپورٹر)تعلیمی ادارے 15 ستمبر کو کھلیں گے یا نہیں؟ فیصلہ آج ہو جائے گا۔بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اہم اجلاس آج(پیر)7 ستمبر کو وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہوگاجس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم شرکت کریں گے ۔اجلاس میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزارت صحت کے حکام سے تفصیلی بریفنگ کے بعد تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں بحال کرنے سے متعلق سفارشارت قومی رابطہ کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی۔چیئرمین اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی بھی اجلاس میں شریک ہوں گے ۔ اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے ۔ تعلیمی اداروں سے متعلق ایس او پیز کو حتمی شکل دی جائے گی۔مختصر اکیڈمک سلیبس اور 2021 میں امتحانات پر بھی گفتگو ہوگی۔ بی ای سی ایس اور این سی ایچ ڈی ٹرانزیشن پلان بھی زیر بحث آئے گا۔وفاقی نظامت تعلیمات میں اینٹی ہراسمنٹ باڈیز کے صوبوں میں قیام پر گفتگو ہوگی، یکساں نصاب تعلیم کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔