لاہور،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار)نیب لاہور کی جانب سے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کی جائیداد قرقی اور وارنٹ گرفتاری کے حوالے سے تفتیشی افسر اور تعمیل کنندہ کے بیان ریکارڈ کر لئے گئے ۔احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نعیم ارشد نے کیس پر مزید سماعت 30 اگست تک ملتوی کردی، عدالت کے روبرو تفتیشی حامد جاوید اور تعمیل کنندہ عمر دراز نے بیانات ریکارڈ کرائے ، عدالت نے پہلے ہی سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے ۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس میں گواہ کی عدم موجودگی کے باعث سماعت بارہ ستمبر تک ملتوی کر دی ،پرویز اشرف مستقل حاضری سے استثنیٰ کے باعث پیش نہ ہوئے جبکہ دیگر شریک ملزمان عدالت پیش ہوئے ،عدالت نے استغاثہ کے گواہ شاہ محمد اور علی احمد کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیدیا۔