مکرمی! تفتان پاکستان کا وہ واحد شہر ہے جوکہ گزشتہ چھ ماہ سے لاک ڈاون کی زد میں ہے۔ تفتان کے بڑے بڑے تاجر جو کہ ملک کے مختلف شہروں سے تعلق رکھتے تھے۔ کورونا وائرس کی خطرناک حد تک پھیلنے کی خبر سن کراور ایران سے زائرین کی آمد کے سلسلے میں تفتان میں قرنطینہ سینٹر قائم ہوتے ہی اس وائرس کے خطرے کے پیش نظر اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے ۔جس سے تفتان بازار سنسان ہونے لگااور شہر میں ہر طرف ہو کا عالم چھاگیا ۔حالیہ دنوں میں اگر تفتان میں کوئی ہے تو وہ ہے تفتان کے مقامی افرادجن کے گزر بسرکا انحصار پاک ایران دوستانہ تجارتی گیٹ زیروپوائنٹ اور بازارچہ پر منحصر ہے۔ تفتان کا دیہاڑی داراور متوسط طبقہ تجارتی گیٹ کی بندش اور لاک ڈاون کے سبب فاقہ کشی کا شکار ہوکر نان شبینہ کا محتاج بن چکاہے اور تفتان کے شہری حکومتی امدادی ریلیف پیکج کے منتظر ہے ۔لہٰذا وزیر اعلیٰ بلوچستان ودیگر متعلقہ زمہ داران سے اپیل ہے کہ تفتان کے مقامی افراد کو فاقہ کشی سے بچانے کے لیے ریلیف پیکیج دیا جائے۔ (محمدزکریا چاغی بلوچستان)