لاہور(سٹاف رپورٹر)قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ تفرقہ بازی اور نفاق امت کے اتفاق و اتحاد کو دیمک کی طرح چاٹ رہاہے ۔امت حضور نبی اکرم ﷺ کے فرامین کے مطابق عملاً جسم واحد کا نمونہ بن جائے تو ہر قسم کی حق تلفی اور استحصال ختم ہو جائے گا، گلاسگو میں ممتاز پاکستانیوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ زوال اور فتنے کا دور ہے ،قرآن و سنت نے ہر طرح کی رہنمائی فراہم کی ہے ،علم ،تحقیق اور ٹیکنالوجی کا راستہ اپنا کر امت اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہے ۔ پاکستان کے عوام قدرتی ٹیلنٹ کی دولت سے مالا مال ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ با صلاحیت پاکستانی شہری اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ایک علمی،تحقیقی ،اصلاحی تحریک ہے ۔آج پاکستان میں سینکڑوں تعلیمی ادارے منہاج القرآن کی فکری رہنمائی میں کام کر رہے ہیں اور ان اداروں میں ہر سال ہزاروں نوجوان علم کے زیور سے آراستہ ہو رہے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری،شیخ حماد مصطفی بھی موجود تھے ۔