لاہور(عمران راج )سینما مالکان کا تفریح ٹیکس کے خاتمے اور مشاورت کیلئے حکومتی شخصیات سے ملاقات کا فیصلہ، سینما مالکان کے مطابق بھارتی فلمیں بند ہونے کی وجہ سے سینما ہال بری طرح فلاپ ہوتے جارہے ہیں جبکہ کئی سینما گھروں کی جانب سے سٹاف کو بھی فارغ کردیا گیا۔اس حوالے سے سینما مالکان اور پروڈیوسرز اور فلم ڈسٹی بیوٹرز کی جانب سے غیر تفریح ٹیکس سمیت دیگر ایشوز پر مشاورت جاری ہے ۔معروف پرڈیوسر قیصر ثنا ء نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پاکستانی فلموں کے حوالے سے حکومتی اور فلم انڈسٹری کی شخصیات مل بیٹھ کا کوئی لائحہ عمل طے نہیں کرینگے تب تک ہماری فلم انڈسٹری ناکامی کا سامنا کرتی رہے گی۔ سینما کے منیجر جہانزیب شاہ نے 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے ٹیکس پر ٹیکس لگا کر عوام سے تفریح کے مواقع بھی چھین لئے ۔ ذرائع کے مطابق ایک نجی ہوٹل نے بھی سینما سکرین ختم کر کے ہوٹل کیلئے کمرے تیار کرلئے ہیں ۔