لاہور(عثمان علی)کورونا وبا،عیدالفطر پر تفریحی سرگرمیاں ماند رہیں گی، تفریحی ادارے اور محکمے عید الفطرپر ہونیوالی کروڑوں روپے کی خطیر آمدن سے بھی محروم رہیں گے جبکہ کورونا وباء کے باعث اب تک سیاحت اور تفریحی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے ایک خطیر سرمایہ سے محروم ہے ۔عید الفطر پر تفریحی اور سیاحتی جگہوں پر عوام کا عام دنوں کی نسبتاً رش کئی گنا بڑھ جاتا ہے اور ایک ماہ کی آمدن کے تقریباً برابر آمدن عید کے ان تین دنوں میں ہوتی ہے تاہم رواں سال عید الفطرکورونا کے پیش نظر تفریحی اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے ۔ محکمہ سیاحت کے زیر انتظام چلنے والے پتریاٹہ چیئر لفٹ،ڈبل ڈیکر بس،ریزورٹس،انسٹی ٹیوٹ ،مری سافٹ ٹرین بند ہونے سے عید پر محتاط اندازے کے مطابق 50سے 60لاکھ کی آمدن سے محروم رہیں گے اور محکمانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ کورونا وباء کی صورتحال میں اب تک تقریباً8سے 9کروڑ روپے کی آمدن نہیں ہوسکی ہے جس کے باعث محکمہ شدیدمعاشی مسائل سے دوچار ہے اور ملازمین کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کی جارہی ہیں ۔اسی طرح لاہور شہر کے اہم تفریحی مراکز لاہور چڑیا گھر،سفاری زو،شاہی قلعہ ،لاہور میوزیم سمیت دیگر مراکز بند رہیں گے ۔ لاہور چڑیا گھر میں عید کے دونوں میں شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد فیملیز کے ساتھ وزٹ کرتی ہے جس عید کے دنوں میں 50لاکھ سے زائد کی آمدن ہوتی ہے تاہم اس سال لاہور چڑیا گھراس آمدن سے محروم رہے گا جبکہ حکام کے مطابق کورونا وبا ء کے باعث آمدن کی مد میں 3سے ساڑھے 3کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے اسی طرح شاہی قلعہ،شاہی حمام ،لاہور میوزیم وغیرہ سمیت دیگر سیاحتی مقامات بند ہونے سے بھی ادارے لاکھوں روپے کی آمدن سے محروم رہیں گے ۔