لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پورے ملک میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہو چکا ہے مگر کرونا جیسی مہلک آفت سے کسانوں کو بچانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کسانوں کو فوری طور پر حفاظتی سامان فراہم کیا جائے اور گندم کو سمیٹنے میں ا ن کی مدد کی جائے ،حکومت کسان سے گندم کے آخری دانے تک خریداری کا بندوبست اورکسانوں سے گندم1500 روپے من کے حساب سے خریداری کا اعلان کرے ،آ ٹے اور چینی کے ذمہ داروں سے سبسڈی کی رقم وصول کر کے اسکے اصل حقدار کسانوں اور مزدوروں میں تقسیم کی جائے ،ملک میں زرعی ایمرجنسی کا نفاذ کرتے ہوئے زراعت کیلئے کسانوں کے نمائندوں کی مشاورت سے زرعی پالیسی کا اعلان کیا جائے ، بارہ سو ارب امدادی رقم میں سے کسانوں کو بھی ان کا حصہ دیا جائے ۔ شوگر ملز مافیا سے رواں اور سابقہ سالوں کی گنے کے کاشتکاروں کی رقوم فوری طور پر دلائی جائیں ۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جے آئی کسان کے صدر چودھری نثار احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے گھروں میں محصور کسان اپنی سال بھر کی روز ی سے محرورم ہوگئے ہیں۔گندم کی کم پیداوار اور تباہی سے ملک میں آئندہ سال خوراک کی کمی کا مسئلہ سر اٹھا سکتا ہے ۔ دریں اثنا صدر الخدمت فائو نڈیشن میاں عبدالشکور اور سیکرٹری جنرل شاہد اقبال نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی ۔