لاہور،اسلام آباد(وقائع نگار،سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں۔ صوبہ پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور وزیر اعظم کے وژن کے عین مطابق عوامی فلاح اور روز گار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ پنجاب میں صنعتی ترقی کیلئے خصوصی زونز کے قیام پر کام جاری ہے جس سے ملک اور صوبے میں ترقی کے نئے دور کا آعاز ہو گا۔علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے سپیکر ہاؤس اسلام آباد میں گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سینیٹ کے امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب خوش آئند ہے ۔وفاقی حکومت سینیٹ الیکشن میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے ۔ صوبہ پنجاب کی طرح دوسرے صوبوں میں بھی سینیٹ الیکشن میں عددی تناسب کی بنیاد پر امیدواروں کا چناؤ شفافیت کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔ گورنر سرور نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں سینیٹ کے امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب سیاسی بالغ نظری کا مظہر ہے ۔سینیٹ کے ماضی کے الیکشن پر انگلیاں اٹھنا جمہوری عمل کی کمزوری ہے ۔ امید ہے کہ آئندہ بھی اپوزیشن اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی مفاد میں تعاون کرے گی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے نواحی علاقے نندنہ کا تفصیلی دورہ کیااور نندنہ کے دور دراز علاقوں میں گئے اور وہاں سیاحت کے فروغ کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ دشوار گزار راستوں پر کئی کلومیٹر سفر پیدل چلتے رہے اورایک مقام پر چشمے کا بہتا ہوا پانی دیکھ کر کنارے بیٹھ گئے ، منہ ہاتھ دھویا اور چشمے کا پانی پیا۔ حکام کے منع کرنے کے باوجود وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیر ہو کر چشمے کا پانی پیا۔ انہوں نے کہا کہ نندنہ آکر اچھا لگا، دوبارہ بھی آؤں گا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے معروف اداکار اعجاز درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورسوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران شہری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ انسداد کورونا کیلئے حکومتی گائیڈلائنز پر عمل کرنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے میں ہی صحت اور زندگیوں کا تحفظ ہے ۔علاوہ ازیں انہوں نے بلوچ کلچر ڈ ے پربلوچ بھائیوں کو مبارکباد دی ۔