کراچی(این این آئی)آل کراچی جیولرز اینڈ مینوفیکچر ر زویلفیئرایسوسی ایشن اور اس کی اتحادی تنظیموں انجمن تاجران سینٹرل،گلشن تاجراتحاد، آل ملیر تاجراتحاد، لانڈھی کورنگی بزنس فورم اور دیگر تاجر ایسوسی ایشنز نے تنظیم تاجران پاکستان اورانجمن تاجران پاکستان سے ہڑتال مؤخرکرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ملک وقوم ہڑتال کے متحمل نہیں ہوسکتے ،تاجر برادری کے اخلاص پر شک نہیں کیا جاسکتا، پوری تاجر برادری محب وطن ہے اور وقت پڑنے پر ملکی اداروں کے ساتھ ہوگی۔ ، حکومت کو چاہئے کہ موجودہ صورتحال میں ہوش کے ناخن لے اور ہٹ دھرمی چھوڑکر تاجروں کی مشاورت سے فیصلے کرے ۔ آل کراچی جیولرزاینڈمینوفیکچررزویلفیئرایسوسی ایشن اور اس کی اتحادی تنظیموں کے مشترکہ اجلاس میں شرکاء نے مطالبہ کیاکہ حکومت موجودہ نازک صورتحال کو دیکھتے ہوئے مزید انتشارسے بچنے کے لئے NICشرط اور دیگر معاملات پر عملدرآمد کو تے ن ماہ کے لئے مؤخر کردے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آل کراچی جیولرزاینڈمینوفیکچررزویلفیئرایسوسی ایشن کے صدرمحمد حسین قریشی نے کہاکہ کراچی بھرکے تمام تاجر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بزوربازوکچلانہیں جاسکتا، تاجر برادری کسی بھی ناگہانی کی صورت میں متحد ہوکر پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔اس موقع پر شرکاء نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قراردادبھی منظورکرائی۔مقررین نے تاجرتنظیموں سے اپیل کی کہ تمام فیصلے مشاورت سے کئے جائیں اور مل کر جدوجہد کی جائے ۔