مکرمی! میں آپ کے اخبار کے توسط سے حکام بالا کی توجہ ایک انتہائی اہم مسئلے کی جانب مبذول کروانا چاہتا ہوں۔تنگوانی قصبہ، جو کے سندھ بلوچستان کے آخری سرحدی پٹی پر واقع ہے۔ اس شہر نے کشمور ضلع میں تحصیل کا درجہ 2004ء میں پایا، لیکن آج تک اسے وہ بنیادی سہولیات اور دفاتر نہیں مل سکے۔ تنگوانی شہر 11 یونین کونسلوں پر مشتمل 50 ہزار سے زیادہ آبادی کا صدر مقام ہے۔ لیکن بدقسمتی سے یہاں کے شہریوں کی سہولت کے لیئے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ بنانے والے ادارے (NADRA) کا دفتر قائم نہیں کیا گیا۔ اس وقت ہر ضلع اور سب ڈویڑنل ہیڈ کوارٹرز میں نادرا کا دفتر قائم ہے ، لیکن تنگوانی شہر کے لوگوں کی سہولت کے لیئے نادرا کا دفتر تا حا ل میسر نہیں ۔ ہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان صاحب، صدر پاکستان عارف علوی صاحب اور چیئرمین نادرا سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے شہر تنگوانی میں نادرا کا دفتر جلد از جلد بحال کیا جائے۔ تاکہ اس شہر کے لوگ اپنے کمپیوٹرائیزڈ قومی شناختی کارڈ اور بچوں کے ب فارم کے لیئے دوسرے شہروں میں جانے کی پریشانی اور مشکلات سے بچ سکیں۔ (نور خان بکھرانی‘ تنگوانی)