اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ گیس کی قیمت میں اضافہ سے عوام پر ایک سو چھیاسٹھ ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے جو عوام پر بتدریج ایک کھرب روپے سے زیادہ کا بوجھ ڈالنے کے منصوبے کا حصہ ہے ۔ گیس کی قیمت میں مزید اضافہ کیا جائے گا جبکہ بجلی کے نرخ اور ٹیکس کی شرح بھی بڑھائی جائے گی جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں زبردست کٹوتی کی جائے گی ۔ان اقدامات سے عوام بری طرح متاثر ہونگے ۔فیصلے کے اثرات سے غریب کو محفوظ رکھنے کا دعویٰ محض لالی پاپ ہے کیونکہ اس سے شرح نمو میں کمی اور مہنگائی میں اضافہ ہو گا ۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ توانائی کی قیمت میں اضافہ سے زرعی اورصنعتی شعبہ بھی متاثر ہو گا جس سے پیداوار اور برامدات پر منفی اثر پڑے گا۔ توانائی کی قیمت بڑھانے سے قبل گزشتہ پانچ سال تک اربوں روپے کی گیس اور بجلی چوری کرنے والے سرمایہ داروں اور ان سے ملی بھگت کرنے والے سیاستدانوں اعلیٰ حکام کے خلاف کاروائی کر کے ریکوری کی جائے ۔