لاہور(جوادآراعوان)کرونا نیشنل ایمرجنسی کے پیش نظر پنجاب میں لاک ڈائون میں رمضان المبارک تک توسیع کی جا سکتی ہے ،اگر کروناکا گراف اوپر جاتا رہا تو لاک ڈائون کی کوئی حتمی ٹائم لائن دینا مشکل ہو گی،کرفیو جیسی کوئی آپشن زیر غور نہیں ہے ۔ٹاپ آفیشلز نے پنجاب میں کرونا نیشنل ایمرجنسی کے حوالے سے کئے گئے لاک ڈائون سے متعلق روزنامہ 92نیوز کو بتایا کہ لاک ڈائون میں رمضان المبارک تک توسیع کی جا سکتی ہے ،کرونا کا گراف اوپر جا رہا ہے ،روزانہ اور ہفتہ وار بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جا رہی ، مسلسل اپ ورڈ ٹرینڈ کی صورت میں لاک ڈائون کی کوئی حتمی ٹائم لائن دینا مشکل ہو گی، ڈائون ورڈ ٹرینڈ کی صورت میں لاک ڈائون نرم یا ختم کیا جا سکتا ہے ،کرونا وائرس سے ریکور ہونے والے اور تشویشناک مریضوں کے نمبرز کا موازانہ بھی کیا جا رہا ہے جو لاک ڈائون کے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں ایک اہم انڈیکیٹر ثابت ہو سکتا ہے ، انہوں نے بتایا کرفیو جیسی کوئی آپشن زیر غور نہیں ہے لیکن لاک ڈائون کی پابندی کیلئے سخت اقدامات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔صوبائی دارالحکومت میں لاک ڈائون پر عملدرآمد کی صورتحال بہتر ہے ، خصوصی طور پر کنٹونمنٹ ایریاز میں اس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے لیکن مضافاتی علاقوں میں لاک ڈائون پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں ہو رہا اور اس کی خلاف ورزی کئی لوگوں کی جان خطرے میں ڈالنے کا باعث بن سکتی ہے ۔انہوں نے بتایا جنوبی پنجاب میں ملتان، شمالی پنجاب میں راولپنڈی ،وسطی پنجاب میں سیالکوٹ اور گوجرانوالا کی شہری حدود میں لاک ڈائون پر کسی حد تک عملدرآمد کیا جا رہا ہے لیکن پنجاب کے دیگر اضلاع اور انکے مضافاتی علاقوں میں لاک ڈائون کی پابندی نہیں کی جا رہی۔صوبائی دارالحکومت کی طرح پنجاب کے دیگر شہروں میں واقع کنٹونمنٹ ایریاز میں بھی لاک ڈائون پر مکمل عملدرآمد کرایا جا رہا ہے ،لاک ڈائون پر عمل درآمد کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی کی ہدایات دے دی گئی ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور اب وارننگ دے کر نہیں چھوڑا جائے گا اور قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔عوام نے تعاون نہ کیا تو حالات کرفیو جیسے لاک ڈائون کی طرف جا سکتے ہیں، ٹرانس بارڈر مومنٹ کے حوالے سے کرتارپور راہداری کو کرونا نیشنل ایمرجنسی کیلئے بند رکھنے کی مدت میں چودہ روز کی توسیع پہلے ہی کی جا چکی ہے ۔