پشاور(خبرنگار ،مانیٹرنگ ڈیسک ،صباح نیوز،نیٹ نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردار ی نے کہا ہے کہ ناکام ترین حکومت پاکستان کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہی ہے ،سلیکٹڈ حکومت عوام کے جمہوری،انسانی،معاشی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے ،عوام ہمارا ساتھ دیں ہم ان کی ساری سازشوں کو ناکا م بنائیں گے ،عمران سرکار آئی ایم ایف کی غلامی کر رہی ہے ، آنے والے دنوں میں گیس نہیں ہو گی جو حکومت کی نالائقی ہے ،حکومت ایسی قانون سازی کر رہی ہے کہ سٹیٹ بینک عالمی اداروں کا غلام ہو ،زبردستی ای وی ایم مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،ہم صاف ستھرا الیکشن چاہتے ہیں ،ای وی ایم کو رد کرتے ہیں، تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی مہنگائی ،بے روزگاری ہے ، ٹی ٹی پی سے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ حکومت کون ہوتی ہے از خود دہشتگردوں سے مذاکرات کرنے والی، مذاکرات کیلئے پارلیمان کواعتماد میں لینا چاہیے ، دہشت گردوں سے بات چیت کوتسلیم نہیں کرینگے ، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے نکلا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول نے کہا کہ سلیکٹڈ نے پیپلزپارٹی کوپشاورمیں جلسے کی اجازت نہیں دی،کاغذی وزیراعلیٰ نے جلسہ رکوانے کی کوشش کی، عمران خان اتنا ظلم کرو جتنا برداشت کر سکتے ہو ، آج لوگوں کاجم غفیردیکھ لیں،لوگ پیپلزپارٹی کیساتھ ہیں،موجودہ حکومت امیروں کوریلیف غریبوں کوتکلیف دیتی ہے ، پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کابوجھ عام آدمی پرڈالاگیا ، سلیکٹڈ کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے ، موجودہ حکومت ہرشعبے میں ناکام رہی ہے ، اوورسیزپاکستانیوں کے نام پرگیم کھیلی جا رہی ہے ، ای وی ایم آر ٹی ایس ٹو ہے ، اوورسیزپاکستانیوں کیلئے الگ الیکٹورل کالج ہوناچاہیے ، یہ کیسے ہوسکتاہے کہ پیرس میں ووٹ ڈالاجائے اورنتیجہ پشاورمیں نکلے ،معاشی دشمن پالیسوں کی وجہ سے آج عوام خود کشیاں کر نے پر مجبور ہیں ،نالائق وزیراعظم کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے ،عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمارا ساتھ دیں ،دیکھ لو سلیکٹڈ! پورے کا پورا پشاور جلسے میں موجود ہے ،سازش کرنے والوں کوسازش کرنے دیں،ٹیپ نکالنے والے ٹیپ نکالتے رہیں، ہم عوامی طاقت سے حکومت بنائیں گے ، ہمیں اس پرخوشی نہیں ہورہی کہ آج ان کے خلاف ٹیپس نکل رہی ہیں، اب رات کے اندھیروں میں سعودی عرب سے طیارے نہیں آئینگے ، خان صاحب تم سے پہلے جو حکومت تھی وہ بھی امپائر کی انگلی پر ڈانس کرتے تھے ، جو بھٹو کی بیٹی کو چور کہتے تھے وہ خود سرٹیفائیڈ ہوچکے ،کلبھوشن کے این آراوکی مخالفت سڑکوں،عدالتوں میں بھی کریں گے ، دسمبر میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے ، 17 د سمبر کو گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف ہرضلع میں احتجاج کریں گے ۔ وزیر اعلی ٰ مراد علی شاہ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ میں صرف جھوٹ بولا جارہا ہے ،بلاول آرہا ہے اور وزیراعظم بنے گا، خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست دانوں کو بدنام کرنے کی سازش ہورہی ہے ،یہ مدینہ کی ریاست نہیں ہے ۔ قمرزمان کائرہ نے کہا کہ پشاور نے ثابت کردیا کہ خیبرپختونخوا پیپلزپارٹی کا ہے ،حکومت کے پاس کوئی منشور نہیں ہے ۔ جلسہ سے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثنا جلسہ میں شرکت پر الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاول ، مراد شاہ ، خورشید شاہ ،عبدالقادر پٹیل، نگہت یاسمین اورکزئی ، سعید غنی اور نثار احمد کھوڑو کو نوٹسز جاری کرد یئے اور3دسمبر کو ریجنل الیکشن کمشنر کے دفتر طلب کر لیا ۔