مکرمی اکثر وزراء یہ بھی کہتے سنے گئے ہیں کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں،البتہ مہنگائی اس کی دشمن ہے۔ یہ بات پایہ ثبوت تک پہنچ چکی ہے کہ چینی کی ایکسپورٹ کے بعد ملک میں قلت پیدا ہوئی اور اس کی قیمتیں تیزی سے بڑھنے لگیں یہاں تک کہ 110روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہیں- اگر برآمد کرتے وقت سوچ بچار کر لی جاتی اور یہ دیکھ لیا جاتا کہ چینی باہر بھیج کر اندرونِ ملک قیمتوں میں اضافے کو نہیں روکا جا سکتا تو شاید یہ فیصلہ نہ ہوتا۔یہ بھی جائزہ لیا گیا کہ قیمتوں میں اضافے کا ذمے دار کون ہے، ۔سرکاری ادارہء شماریات ہر ہفتے، جو اعداد و شمار جاری کرتا ہے ان کے مطابق اِس وقت مہنگائی آٹھ سال کی بلندترین سطح پرپہنچ چکی ہے- بجلی اور گیس کی قیمتیں تو حکومت نے خود بڑھائی ہیں،جس کی وجہ سے صارفین کا ماہانہ اخاجات کا بل بڑھ گیا ہے، ظاہر ہے اس معاملے میں تو اپوزیشن کوئی بے بنیاد پروپیگنڈہ نہیں کر سکتی۔ جو اقدامات اپنی مرضی سے کئے گئے اْن کی ذمہ داری اپوزیشن پر نہیں ڈالی جا سکتی۔محض ٹی وی ٹاک شوزمیں لفاظی کرکے نہ تواپوزیشن کے پروپیگنڈے کا توڑکیا جاسکتا ہے اورنہ ہی مہنگائی کے ہاتھوں پریشان عوام کومطمئن کیا جاسکتا ہے۔ (جمشیدعالم ‘ لاہور)