کراچی ، لاہور ، اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ، لیڈی رپورٹر)ممتازعالم دین ، مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ مفتی محمدنعیم کوجامعہ بنوریہ کے قبرستان میں ان کے والدمفتی عبدالحلیم کے پہلومیں سپردخاک کردیاگیا،مفتی محمدنعیم کی نمازجنازہ مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی،نمازجنازہ میں طلبا،سیاسی و سماجی شخصیات اورعام شہریوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی، مولانا فضل الرحمن نے مولانا مفتی محمد نعیم اورعظیم روحانی بزرگ مولانا عزیز احمد بہلوی کی وفات پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے مفتی نعیم اور مولانا عزیز احمد بہلوی کی وفات سے علمی اور روحانی حلقوں میں بڑا خلا پیدا ہوگیا ۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر سید عطاء المہیمن بخاری نے کہا مفتی نعیم نے کراچی میں بدامنی کو ختم کرنے کے لیے کارہائے نمایا ں سرانجام دیئے ، جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی اور دیگر نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا مولانا مفتی محمد نعیم کی زندگی تحقیق و تصنیف، درس و تدریس، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، دفاع ناموس صحابہ و اہل بیتؓ اور دینی مدارس کے تحفظ میں گزری ، جامعہ دارالعلوم الاسلامیہ لاہور کے مہتمم صدارتی ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر قاری احمد میاں تھانوی نے کہا مفتی نعیم کی دینی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی، مولانا الیاس گھمن ، مولانا عبدالرؤف فاروقی، مولانا اجمل قادری، مولانا زاہد الراشدی اور دیگر علما نے بھی مولانا محمد نعیم کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے مفتی نعیم کے انتقال پر کہا ہے مرحوم کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ لیاقت بلوچ نے مفتی محمد نعیم کی رہائش گاہ پر صاحبزادوں سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔ قاری محمد حنیف جالندھری ، جے یوآئی کے قاری عثمان اور دیگر کئی علما کرام نے نمازجنازہ میں شرکت کی ۔نماز جنازہ کے موقع پر اطراف کی گلیوں میں ہزاروں افراد موجود تھے ۔