لاہور(نامہ نگار) سٹی ٹریفک پولیس گزشتہ روز لاہور شہر میں ہونے والی تیز بارش کے دوران بھی ٹریفک کی روانی کو یقینی بناتے اور شہریوں کی مدد کرتے نظر آئی، سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کی ہدایت پر ایس پی ٹریفک سردار محمد آصف خاں اور ایس پی سٹی آصف صدیق سمیت تمام سرکل افسران اور ٹریفک وارڈنز سڑکوں پر موجود رہے ،والٹن روڈ،قینچی،اک موریہ،گلاب دیوی،لاہور بریج،ٹمبر مارکیٹ،سمن آباد سمیت دیگر شاہراؤں پر پانی کھڑا رہا،وارڈنز بارش کے پانی میں کھڑے ہوکر ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے ۔فیروز پور روڈ قینچی چونگی اور اک موریہ پر گٹروں پانی نکلنے سے ٹریفک کا زیادہ مسئلہ رہا،تاہم سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے نشیبی سڑکوں پر اضافی وارڈنز تعینات کرتے ہوئے ٹریفک کو رواں دواں رکھا گیا، بارش کے دوران وارڈنز پانی میں بند گاڑیوں کو دھکے لگاتے نظر آئے ۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر کا کہناتھا کہ ہم نے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں، موسمی حالات جیسے بھی ہوں ٹریفک وارڈنز ہمیشہ شہریوں کی سہولت کیلئے موجود رہیں گے ۔علاوہ ازیں سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہاکہ شہر بھر میں اک موریہ،شاہدرہ چوک پر تعمیراتی کاموں کے باعث روڈ پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے ،جسے اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے کلیئر رکھا جا رہا ہے ۔