بلاوائیو (سپورٹس ڈیسک) زمبابوے اور پاکستان کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ آ ج بلاوائیو میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس کو سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے ، پاکستان نے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں میزبان زمبابوین ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 201 رنز جبکہ دوسرے میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سہ فریقی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز اور پہلے دو ون ڈے میچوں میں شاندار فتح کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کا مورال مزید بلند ہو گیا ہے ، گرین شرٹس کے کھلاڑی تیسرا ون ڈے جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کیلئے پر جوش ہیں تو دوسری جانب میزبان ٹیم متواتر شکستوں کے داغ دھونے کی خواہاں ہے ، توقع ہے کہ وہ سیریز میں کم بیک کرنے کیلئے تیسرے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق 12بجکر 15منٹ پر شروع ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا ون ڈے میچ 20 جولائی کو کھیلا جائیگا جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 22 جولائی کو کھیلا جائیگا۔