جدہ (سپورٹس ڈیسک)سعودی عرب کے شہر جدہ کے کنگ عبداللّٰہ سٹیڈیم میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسنگ چمپئن عامر خان نے ویلٹر ویٹ فائٹ میں آسٹریلوی باکسر بلی ڈب کو ناک آئوٹ کردیا۔چیمپئن عامرخان تینوں رائونڈ میں آسٹریلوی باکسر پر حاوی رہے اور چوتھے راؤنڈ میں حریف باکسر کو ناک آؤٹ کرکے فائٹ جیت لی۔فائٹ جیتنے کے بعد عامر خان نے کہا کہ یہاں آکر خوشی ہوئی، جدہ میں دوبارہ آئوں گا۔انہوں نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کا ’’تھینک یو جدہ‘‘ کہہ کر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی موجود تھے ۔واضح رہے عامر خان نے پہلی بار سعودی عرب میں باکسنگ فائٹ کی۔عامر خان اور دیگر باکسرز کی فائٹ دیکھنے کے لیے ہزاروں شائقین کے علاوہ سعودی عرب کی اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں۔اپنی فائٹ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے فلپائن سے تعلق رکھنے والے سابقہ چیمپئن مینی پاکیو سے مقابلہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔خیال رہے کہ جدہ میں عامر خان سے بھارتی باکسر نیراج گویت نے مقابلہ کرنا تھا تاہم کار حادثے میں زخمی ہونے کی وجہ سے نیراج اس مقابلے سے دستبردار ہوگئے تھے ۔بھارتی باکسر کے فائٹ سے علیحدہ ہونے کے بعد آسٹریلوی باکسر نے عامر خان کے خلاف مقابلے کا فیصلہ کیا تھا۔