لاہور،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار خصوصی،نامہ نگار،لیڈی رپورٹر،92 نیوزر پورٹ، آن لائن) احتساب عدالت لاہور نے نیب کی شہبا شریف اور انکی فیملی کے اثاثے منجمد کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ آج سنادیا جائیگا۔ گزشتہ روز نیب کی جانب سے جائیداد منجمد کرنے سے متعلق ریکارڈ جمع کرادیا گیا۔ نیب کے سپیشل پراسیکیوٹرحافظ اسد اعوان نے دلائل مکمل کر لئے جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔نیب پراسیکیوٹر کے مطابق شہباز شریف اور انکی فیملی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں، اس کیس میں ابتک تین وعدہ معاف گواہ سامنے آچکے ہیں جن میں مشتاق چینی،یاسر چینی اورشاہد رفیق شامل ہیں جبکہ شہباز شریف نے اپنی دونوں بیویوں کے نام پرجائیدادیں بنا رکھی ہیں، لہٰذا عدالت سے التجا ہے کہ عدالت شہبازشریف اور انکے اہلحانہ کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دے ۔ دریں اثنا احتساب عدالت لاہور نے نیب کوپنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف سے جیل میں منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کی اجازت دے دی۔نیب نے موقف اختیار کیا کہ گرفتار ملزم نثار گل سے ہونیوالی تفتیش کے بعد نئے شواہد سامنے آئے ہیں، لہٰذا حمزہ شہباز سے جیل میں تفتیش کی اجازت دی جائے ۔ادھر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق وزرائے اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کر دیئے ،مزید کارروائی 18 دسمبر کو ہوگی۔علاوہ ازیں نیب لاہور کی جانب سے اختیارات سے تجاوز کرکے گرفتار کرنے کے اقدام کو اے ون موٹرز کے عثمان جاوید نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ۔عثمان جاوید نے بعد از گرفتاری درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب، تفتیشی افسر سمیت دیگر کو فریق بنایا۔ادھراحتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کیخلاف اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے آئندہ سماعت 13 جنوری کو تمام ملزموں کوحاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔علاوہ ازیں احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے میڈیا ایڈوائزر خرم رسول کیخلاف ایل پی جی کوٹہ کیس کی سماعت وکیل صفائی کی عدم موجودگی کے باعث 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پرنیب کی طرف سے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سندھ بینک کے سابق صدر بلال شیخ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست کی سماعت نیب کی جانب سے جواب کیلئے مہلت کی استدعا پر دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔