کراچی(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کشمیریوں کو بھارتی فوج کے رحم وکرم پر ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیئے ، حکومت اور ریاسست کی ذمہ داری ہے کہ اہل کشمیر کے حقو ق کے تحفظ اورآزادی کے لیے بھارت کے خلاف جہاد کا اعلا ن کریں ،وزیر اعظم سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے جارہے ہیں یہ اچھی بات ہے لیکن سب سے پہلے اپنے گھر کو ٹھیک کریں ،قوم کو لنگر خانے کی نہیں کارخانوں کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت مین یونیورسٹی روڈ گلشن اقبال میں ’’اب ہند بنے گا پاکستان ‘‘ کے موضوع پر آزادی کشمیر کنونشن سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 27ستمبر کو اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے لئے طویل تقریر کی اور ملک کے اندر فاتح کی طرح تشریف لائے لیکن یہاں آکر اعلان کیا کہ جس نے ایل او سی عبور کرنے کی کوشش کی وہ ملک کا غدار ہوگا،اس اعلان سے آر ایس ایس کے غنڈوں اور مودی کو تو حوصلہ ملا۔ انہوں نے کہاکہ جب افغانستان ،امریکہ اور ناٹو افواج کے لیے قبرستان بناسکتا ہے تو وہ دن ضرور آئے گا جب سری نگر بھارت کا قبرستان ثابت ہوگا ۔