لاہور (کلچرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) اداکارہ ثمینہ احمد نے منظر صہبائی سے شادی کر لی۔سوشل میڈیا پرپاکستان کے نامور اور سینئر فنکاروں کی شادی کی تصویر آنے پر دونوں کو دیگرفنکاروں اور لوگوں کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ یہ شادی گزشتہ ہفتے کراچی میں سادگی سے انجام پائی جس میں ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کے نہایت قریبی افراد نے ہی شرکت کی۔ ثمینہ احمد کی یہ دوسری شادی ہے ،انکی پہلی شادی سٹوڈیو اونر اور پروڈیوسر ڈبلیو زیڈ احمد کے بیٹے فرید احمد سے ہوئی تھی ۔ثمینہ احمد کی پہلی شادی سے ایک بیٹا زین احمد بھی ہے جس نے تھیٹر، اداکاری اور ڈائریکشن کے شعبوں میں کافی کام کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق رابطہ پر ثمینہ احمد نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کافی عرصہ پہہلے ہم نے شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کرلیا تھا، ہمیں نہیں معلوم تھا کہ کورونا آجائیگا ۔ ہم نے سادگی سے نکاح کرلیا۔ میں سمجھتی ہوں زندگی کے معاملات نہیں رکتے ، شادی سے میرے دونوں بچے خوش ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی تو کورونا کو دیکھ لیں پھر ہنی مون کا بھی فیصلہ کرینگے ۔ ثمینہ احمد کے بیٹے زین احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ اس شادی پر خوش ہیں۔