اسلام آباد(خبرنگار خصوصی)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے حکومت کی جانب سے حج سستا نہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاہے کہ ہماری کرنسی کی صورتحال ایسی نہیں کہ حج سستا کرسکیں،پیکج میں اضافہ کی وجہ سعودی عرب میں مزید ٹیکس لگنا بھی ہے ،بہت جلد حج پالیسی تیارکرکے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائیویٹ حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن ہوپ کے زیر اہتمام تقریب حلف برداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نور الحق قادری نے تنظیم ہوپ کے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ہوپ کے نئے مرکزی چیئرمین شاہد رفیق ودیگرمنتخب ارکان نے حلف اٹھا یا جبکہ سبکدوش چیئرمین عبدالوحید بٹ اور دیگر کو شیلڈز سے نوازاگیا۔ پیر نور الحق قادری نے کہاکہ کاش !ہم سستا حج کراسکتے ، وزارت مذہبی امور سے بچنے کی کوشش کی تھی جووزیر اعظم کے کہنے پر قبول کی،حجاج کی خدمت بہت بڑی سعادت ہے ،یہ دو دھاری تلوار ہے اگر کوتاہی ہوئی تو بڑی پکڑ ہے ،مجھ پر سیاسی دباؤ ہے کہ تمام کوٹہ سرکاری کوٹہ میں لے آئیں،انڈونیشا ماڈل کی باتیں کی جاتی ہیں،ہمیں ایک دوسرے کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا،تنقید ہوتی ہے کرتار پور راہداری کھول دی اور حج مہنگا کردیا۔انہوں نے کہاکہ کرتارپور اور حج کا موازنہ کیسے کیا جاسکتا ہے ؟تنقید کرنے والے حقائق نہیں دیکھتے ،کرتار پر لوگ تانگے پر آجاسکتے ہیں حج پر ایسی سہولت نہیں۔ ہوپ کے نومنتخب چیئرمین شاہد رفیق نے کہا کہ گزشتہ سال نجی کمپنیوں کو حج آپریشن میں 90 فیصد نقصان ہوا،حج پالیسی جلد آجائے تو اپنے انتظامات جلد کرسکیں، نجی کمپنیوں کاکم کیاگیا کوٹہ بحال کیا جائے ۔