لاہور، ملتان ،راولپنڈی(جنرل رپورٹر،نامہ نگار خصوصی، سپیشل رپورٹر،92نیوزرپورٹ ،نامہ نگارخصوصی)گرینڈ ہیلتھ الائنس نے آج سے تمام ہسپتالوں کے او پی ڈی میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔ چیئرمین گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹر سلمان حسیب نے پی آئی سی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا افسوسناک اور شرمناک واقعہ پیش آیا، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، ہسپتالوں پر دشمن بھی حملہ نہیں کرتے ۔جنگوں میں بھی ہسپتالوں پر حملہ نہیں ہوتا۔وکلا نے لیڈی ڈاکٹر اور نرسز کو تشدد کا نشانہ بنا کر سر پھاڑ دیے ۔ہسپتال کی مہنگی مشینری توڑ دی گئی۔ ڈاکٹروں کوآپریشن تھیٹر میں کام روکنا پڑا۔ہم نے حملے کے وقت پولیس، وزرا کو کال کی مگر تب کوئی نہیں آیا۔ 8 سے 10 مریض جان کی بازی ہار گئے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کہیں بھی اس معاملے پر نظر نہ آئے ۔ وکیل ججز کو بھی ہراساں کرتے ہیں، جج ہمارا فیصلہ نہیں کرسکتے ۔ وکلا کیخلاف 302 کے تحت کیس درج کیے جائیں ۔دہشتگردی کی دفعات لگا کر وکلا کیخلاف کیس ملٹری کورٹ میں چلائے جائیں۔وزیر اعلی پنجاب ، وزیر قانون اوروزیر صحت کوعہدوں سے ہٹایا جائے ۔سکیورٹی بل 24 گھنٹے میں پاس کیا جائے ۔تمام ڈاکٹرز آج سے کالی پٹی باندھ کرہسپتالوں کی ایمرجنسی میں ڈیوٹی کریں گے ۔ پی آئی سی سمیت تمام ہسپتالوں میں رینجرز تعینات کی جائے ۔پولیس کے بس میں ہسپتالوں کا تحفظ ممکن نہیں۔تمام ہسپتالوں کی سیکورٹی رینجرز کو سونپ دی جائے ۔ ڈاکٹرزتین دن تک پنجاب کے ہسپتالوں میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہیں۔پاکستان اور پنجاب بھر کی بار کونسل کے الیکشن کی ڈرامے بازی پر پابندی لگائی جائے ۔ تین دن میں مطالبات پورے نہ ہوئے تو اگلا لائحہ عمل دیں گے ۔ادھر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلی پنجاب اور صوبائی وزیر قانون کی نااہلی کی وجہ سے آج کا شرمناک واقعہ رونما ہوا،اِن کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے ۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلا گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پی ایم اے کے عہدیداروں نے کہا پی آئی سی پرحملہ دراصل حکومت پرحملہ ہے ۔حکومت اپنے فرائض منصبی اداکرنے میں بُری طرح ناکام ہوئی ہے ۔پنجاب بھر کے ہسپتالوں کو رینجرز کے حوالے کیا جائے بصورت دیگر ہسپتالوں میں کام جاری رکھنا ممکن نہیں ہو گا۔آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے پی ایم اے لاہور کا ہنگامی اجلاس آج دو بجے سہ پہر طلب کیا ہے ۔ پی آ ئی سی لاہور میں وکلاکی دہشتگردی کیخلاف وائی ڈی اے راولپنڈی مری روڈ پر دن ۱۱ بجے پرامن احتجاج کرے گی۔